نسیم انپیج پی ڈی ایف کنورٹر (از رانا بھائی) کا آنلائن ورژن مع اضافی فیچرز (ویب ایپ) - ریلیز

 اردو محفل فورم (مرحوم) تک ہماری رسائی 2015ء میں کس طرح ہوئی اس کا غالباً انٹرویو کی لڑی میں کیا تھا۔ ہوا یوں کہ ہم نے نیا نیا سر بکف مجلہ شائع کرنا شروع کیا تھا اسی دوران فیس بک پر تکنیکی پوسٹس کے درمیان  کسی ساتھی کی پوسٹ نظر آئی جو ایک سافٹ ویئر کی خبر دیتےتھے جو انپیج سے بنی پی ڈی ایف سے متن اخذ کر سکتا تھا۔

اردو کمپیوٹنگ کی دنیا ہمیشہ ویران رہی ہے اور اکا دکا ہی کچھ نئی بات سننے کو ملتی تھی۔ جمیل نوری نستعلیق انسٹال کرنے کے طریقے سے البتہ سب واقف تھے وہ بھی محفل نہیں بلکہ ایم بلال ایم کے توسط سے جو نستعلیق کی تلاش پر ہمیشہ گوگل میں اوپر رہا کرتا تھا۔ ایسے میں اردو کا کوئی بھی سافٹ ویئر ہو مزیدار لگتا تھا اور ایک بار تو اسے "تجربانے" کی ہوس ضرور رہتی تھی۔

ہم نے بھی کالج پہنچ کر (عموما فیسبک فون پر کھلا ہوتا تھا) سافٹ ویئر ڈاؤنلوڈ کیا اور پین ڈرائیو میں محفوظ کر لیا کہ گھر جا کر مزید تانک جھانک کریں گے۔ بلکہ بہت سے کام تو خود کالج ہی میں بھی ہو جاتے تھے تو بعید نہیں وہیں چیک کیا ہو۔ 

کسی بھی اردو سے متعلق چیز کا "اباؤٹ" پیج پڑھنا ہماری عادتِ جاریہ رہی ہے۔ چنانچہ نسیم انپیج سافٹ ویئر کا اباؤٹ کھولا، اور پایا کہ "رانا" صاحب سب لوگوں کا شکریہ ادا کر رہے تھے۔

انٹرویو والی لڑی سے اقتباس:

فیس بک پر کسی نےان پیج کی پی ڈی ایف کا متن اخذ کرنے کے لئے سوفٹویر بتایا۔ دس بارہ پیج کا ایک مضمون اور تقریبا اسی نوے پیج کی ایک کتاب یونیکوڈ میں چاہیے تھی۔ سوفٹویر نے دونوں سے متن اخذ کرنے سے انکار کر دیا۔ اباؤٹ میں جا کر دیکھا تو کوئی رانا بھائی سب کا شکریہ ادا کر رہے تھے۔ عارف کریم نامی کسی بھلے بندے کا ذکر بھی تھا جس نے ان کے سافٹ ویئر بنانے میں مدد کی تھی۔ ساتھ ہی اردو ویب کا لنک تھا۔

ہم یہاں آ دھمکے۔ آتے ساتھ رانا بھائی کو مکالمے میں اپنا دکھڑا سنایا۔ بندے نے تین دن بعد سافٹویر اپڈیٹ کرکے دیدیا۔ ہماری کیفیت تو اس وقت کیا تھی بتا نہیں سکتے...

شکیب بھائی کا انٹرویو #33 , 2018ء

بعد میں اس سافٹ ویئر سے کافی مدد ملی اور عرصہ دراز تک استعمال کرتے رہے - اس کی ضرورت ہمیں ہمیشہ چند صفحات تک ہی پڑتی تھی، چنانچہ صفحہ بصفحہ کا نظام اس کے ساتھ چل جاتا تھا۔

نسیم انپیج سافٹ ویئر کا آخری ورژن

پھر ماضی قریب میں ایک مکمل کتاب کی ضرورت پڑی۔ اب کوئی رسالہ ہو تو بندہ گوگل او سی آر ہی کر لے، بڑی کتاب کے لیے یہ مشکل تھا اور چونکہ کتاب انپیج سے بنی تھی اس لیے خیال آیا کہ اس کا کوڈ دیکھا جائے اور کچھ تبدیلی کر کے آٹومیشن بھی کروا لیا جائے تاکہ ایک ایک صفحہ نہ کرنا پڑے۔

ہم نے اسی تلاش میں محفل کی پرانی لڑیوں کو کھنگالا تو رانا بھائی کی روپوشی کے بعد۔۔۔ جی ہاں، ہم انتظار ہی کرتے رہے لیکن رانا بھائی بعد میں محفل میں بالکل واپس نہیں آئے جس کا افسوس ہے۔ اگر کسی طرح ان تک یہ پیغام پہنچ جائے توانھیں کہنا ہے کہ صاحب، برادر عارف کریم کی طرح نئے نئے روپ میں آئیے لیکن آئیے ضرور۔ اب اردو فورم پر کچھ تھوڑی بہت ہلچل ہے وہاں مل بیٹھیے۔ 

خیر، تو رانا بھائی کی جگہ "مائنڈ روسٹر میر" صاحب نے اس میں کچھ تبدیلیاں کی تھیں جو متعدد صفحات کو اخذ کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا، لیکن ہم نے وہ سافٹ ویئر آزمایا تو نتیجہ برامد نہیں ہوا۔

مرتا کیا نہ کرتا، خود ہی میدان میں اترے اور اس سافٹ ویئر میں کچھ تھوڑا بہت کام کر کے اسے آٹومیٹ کر دیا کہ مکمل کتابوں کا نتیجہ ایک ٹیکسٹ فائل میں محفوظ ہو۔

کچھ عرصے میں پھر ضرورت پڑی تو لگا یہ جھنجھٹ بھی ختم ہو، اور اسے ویب پر پورٹ کیا جائے۔

اس میں کچھ اڑچن تب آئی جب سی شارپ میں موجود لائبریریز کا تقابل ویب کے پی ڈی ایف سپورٹ دینے والی لائبریریز سے کیا اور پایا کہ انپیج کی اکثر چیزیں براؤزر میں ضائع ہو رہی ہیں۔ بالآخر ایک لائبریری کا ویب اسیمبلی ورژن کارآمد نکلا اور پھر کام ہو ہی گیا۔

چنانچہ اب یہ سافٹ ویئر آپ کے سامنے پیش ہے بطور ویب اپلیکیشن۔

یوں سمجھ لیں مکمل کام رانا بھائی کا ہے اس میں کچھ اضافے اور درستی ہے اور اصل کام ویب ایپ بنانا تاکہ ہر ڈیوائس سے استعمال ہو سکے اور مکمل کتابوں کا ایک ساتھ کنورژن تاکہ سردردی سے نجات ملے۔

اس کے ساتھ ایک یونیکوڈ ٹو ان پیج اور ان پیج ٹو یونیکوڈ کنورٹر بھی تھا جو پہلے ہی "ان پیج ریڈر" ایپ کے ساتھ پورٹ کیا جا چکا ہے، اسے وہاں استعمال کر سکتے ہیں۔

فیچرز:

  1. تین ایکسٹریکشن موڈ: متن اخذ کرنے کے لیے آپشنز ہیں۔ (الف) سنگل پیج ، ایک صفحہ اخذ کریں۔ (ب) پیج رینج، صفحات متعین کریں کہاں سے کہاں تک متن اخذ کرنا ہے۔  اور (ج) مکمل کتاب یکبارگی کنورٹ کی سہولت
  2. تین بریک موڈ: کتاب میں موجود نئی سطر کا کیا طریقہ ہو یہ طے کرتا ہے۔ پیراگراف موڈ، یہ میں نے تازہ شامل کیا ہے جو فی الحال کچھ کتب پر ٹھیک کام کرتا ہے کچھ پر نہیں لیکن اس سے کتاب درست طور پر بریک ہو جائے گی یعنی ایک پیراگراف کا متن ایک ساتھ آئے گا اور یہی اکثر درکار ہوتا ہے۔ (ب) لائن موڈ، یعنی جہاں جہاں پی ڈی ایف میں سطر ختم ہو وہاں پر متن میں نئی لائن آ جائے۔ (ج) فلیٹ موڈ، یعنی تمام لائن بریکس ختم کر کے مسلسل متن حاصل کریں۔
  3. انگریزی الفاظ اسکپ کریں: یہ کبھی کبھی لازم ہو جاتا ہے جب انگریزی الفاظ درمیان میں آکر مکمل متن خراب کر دیتے ہیں۔
  4. پیج سیپریٹر شامل کریں: اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہر صفحے کا اختتام متن میں کسی طرح محفوظ رہے تاکہ آپ بعد میں اسے استعمال کر سکیں تو یہ آپشن سیلیکٹ کر لیں۔ 
  5. مکمل متن کاپی کرنے کی سہولت

اہم انتباہ

یہ رانا بھائی کے سافٹ ویئر کا جوں کا توں متبادل نہیں ہے اور نہ ہی غلطیوں سے مبرا ہے۔ بہت سی غلطیاں ہیں جو کسی خاص کتاب میں آ جاتی ہیں، بعض کتب مکمل ستھری شکل میں کنورٹ ہو جاتی ہیں۔ اس پر ایک عدد اسپیل چیکر وغیرہ بھی ساتھ ہی پائپ لائن میں جوڑ دیں تو شاید بہتر نتیجہ سامنے آئے۔ 

مجھے یاد پڑتا ہے کہ کسی ایسے ہی متن کو اصل سافٹ ویئر سے اخذ کر کے اپنے مجلے میں شامل کیا تھا اور پھر اوائل دنوں میں جب مشفق و مکرم چچا جان اعجاز عبید کے سپرد کیا تھا تو انھوں نے بتایا کہ اس پورے مضمون کو ورڈ میں اسپیل چیکر نے "سرخ" سے رنگ دیا تھا۔ تو اسیپسنگ کی اغلاط تو ضرور ہوں گی اور یہ انپیج کی عوام میں عام بات ہے۔  اس سلسلے میں استاذ مکرم ہی کا لکھا ہوا مکمل مضمون ہے جس میں کمپوزنگ کی غلطیوں پر تفصیل سے بات کی گئی ہے۔ ضرور پڑھیے۔ 

ہمارا کام تو اس  سے خوب نکل رہا ہے، امید ہے آپ کے لیے بھی مفید ہوگا۔ بس پروف ریڈنگ لازما کریں۔ تجاویز و آراء کا خیر مقدم ہے۔ اس پر وقتا فوقتا کام جاری رہے گا ان شاء اللہ۔

ٹول کا لنک:

https://tools.shakeeb.in/inpage/pdf-texter

دعا جو

شکیبؔ احمد

5 جولائی، 2026



Get on an incredibly fascinating journey to witness this full-circle evolution. I started my Urdu computing journey in 2015 because of Rana Sb's original desktop tool (Naseem Inpage PDF Text Extraction Software), which brought you to the Urdu Mehfil forum. Now, exactly 11 years later in July 2026, we have completely modernised it into a cross-platform app.
InPage to Unicode, Inpage PDF text extractor, Urdu PDF to text convertor, Naseem Inpage software, Inpage Reader web app, Urdu computing tools, انپیج سے یونیکوڈ, پی ڈی ایف اردو کنورٹر, شکیب احمد ٹولز

تبصرے

شکیبؔ احمد

بلاگر | ڈیویلپر | ادیب از کامٹی، الہند

تبصرے کی زینت کے لیے ایڈیٹر استعمال کا طریقہ تفصیل

مشہور اشاعتیں

تازہ نگارشات

میری شاعری

یوٹیوب

نگہِ من - میرا فلسفہ