قافیہ ایکسپرٹ (ویب ایپ) - ریلیز
اجمال
اگر آپ جلدی میں ہیں تو یہ رہی قافیہ ایکسپرٹ - ویب کی لنک
ویب ایپ تک کا سفر
بہت شروع ہی سے، جب میں نے قافیہ ایکسپرٹ (ایک ایپ جو شعراء کو قافیے، وزن و بحر، لغت، ڈیزائن، ڈائری وغیرہ مفت فراہم کرتی ہے) لانچ کی تھی، لوگوں نے ایپ کا آئی فون ورژن بنانے کی مانگ کر دی تھی۔ چونکہ میں نے ایپ بنانے کے لیے کراس پلیٹ فارم ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا تھا، چنانچہ اسی کی آئی فون ایپ بنانا کوئی زیادہ دقت طلب کام تھا نہ وقت طلب۔ مسئلہ تھا ایپل ایپ اسٹور کی "قیمت" کا۔ میں اسے افورڈ نہیں کر سکتا تھا۔ بلکہ ہم میں سے زیادہ تر نہیں کر سکتے۔
بہرحال، قیمتوں کی تحقیق اور بعد ازاں غور و خوض کی بعد میں اس نتیجے پر پہنچا کہ مجھے اطلاقیہِ ھذا کو پروگریسیو ویب ایپ (PWA) کے طور پر پبلش کرنا چاہیے۔ پی ڈبلیو اے ایک انسٹال کے قابل ویب ایپ ہوتی ہے، کسی بھی براؤزر میں چل جاتی ہے، اور مزے کی بات کہ اس کے لیے آپ کو گوگل یا ایپل کو ایک پیسہ دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
اس کے کچھ قبائح بھی در آتے ہیں، لیکن موبائل کی "اصل" یعنی نےٹیو ایپس کے زیادہ تر فنکشنز کے لیے اس میں مترادفات موجود ہیں۔ ایک عام صارف کے لیے تو پی ڈبلیو اے اور اصل موبائل ایپ میں کوئی فرق معلوم کرنا تقریبا ناممکن سا ہے۔ مثلاً
- پی ڈبلیو اے پر پہنچتے ہی وہ آپ کو "ایڈ ٹو ہوم اسکرین" کا پوچھتا ہے، جو "ایپ انسٹال کرنے" کا مترادف ہے۔ اس پر کلک کرتے ہی آپ کے فون میں ایک آئکون مذکورہ ایپ کا بن جاتا ہے۔ آپ نے اس طرح کی ایپ ٹویٹر وغیرہ کی دیکھی ہوگی۔
- نےٹیو ایپ ہی کی طرح اس ایپ کا بھی آئکون ہوتا ہے۔
- سروس ورکرز وغیرہ کا استعمال کرتے ہوئےیہ آفلائن بھی کام کر سکتی ہے۔
قافیہ ایکسپرٹ کی یہ ویب ایپ میرے ڈومین "q.shakeeb.in" پر کافی عرصے سے موجود ہے، جیسا کہ آپ یہاں فرسٹ کمٹ میں دیکھ سکتے ہیں۔ چونکہ اس کی کچھ فیچرز حسبِ توقع کام نہیں کر رہی تھیں، اس لیے میں نے اس کا باقاعدہ طور پر اعلان نہیں کیا تھا۔ اب جبکہ اینڈروئیڈ ایپ کا نظام مکمل طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے اور اس کا سرچ برق رفتار ہو گیا ہے، میں نے اس نئے کوڈ کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا، ویب ایپ بنانے کے لیے کوڈ میں ناگزیر تبدیلیاں کیں اور اسے پبلش کر دیا۔
آئی فون (اور دیگر ڈیوائسز، بشمول ڈیسکٹاپ کمپیوٹر) کے یوزرس اب بالآخر اس کا استعمال کر سکتے ہیں۔
ویسے اگر آپ اینڈروئیڈ والے ہیں تو میں مشورہ دوں گا کہ اینڈروئیڈ ایپ کا استعمال کریں، چونکہ اس میں اضافی فیچرز ہیں اور پرفارمنس بہت بہتر۔
ایک دفعہ پھر، ویب ایپ کی لنک یہ رہی:
امید ہے یہ آپ کی شاعری کے سفر میں معاون ہوگی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں