قافیہ ایکسپرٹ (اینڈرائیڈ) - ریلیز

qaafia expert
Qaafiyah Expert Android

روابط: 


اپڈیٹ: ایپ میں (1) تقطیع و اصلاح اور (2) لغت کی سہولیات شامل کر دی گئی ہیں۔ [دسمبر 2020]

تھوڑا سا وقت نکال کر یہ ضرور بتائیں کہ ایپ کیسی لگی۔

تعارف

قافیہ ایکسپرٹ کیا ہے؟

قافیہ معلوم کرنے کے لیے ایک ٹول ہے۔ اس میں آپ کو ملیں گے لغت بھر کے قافیے۔ نیز ان قافیوں کو وزن کے مطابق چھانٹنے کی سہولت۔ تین مختلف رسم الخط کے استعمال کے ساتھ لگ جاتے ہیں اس میں چار چاند۔ اسی میں موجود ہے آپ کی بیاض تاکہ آپ کو شعر لکھنے کے لیے کہیں اورجانا نہ پڑے۔ اور یہ سب کچھ ہے بالکل مفت اور آفلائن۔ جی ہاں!

استعمال کا مکمل طریقہ

اگر آپ مجھے خود اس ایپ کو استعمال کرتے دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ ویڈیو دیکھیے: ویڈیو ٹیوٹوریل کا لنک

استعمال کا طریقہ تحریر میں نیچے دیا گیا ہے۔

تمام قافیے

میں نے تلاش میں "رفیق" لکھا تو کوئی قافیے ظاہر نہیں ہوئے۔ ایسا کیوں؟

تلاش کے خانے میں "قافیے کے آخری حروف" لکھنے ہیں۔ چنانچہ "رفیق" کے قافیوں کے لیے آپ کو "یق" تلاش کرنا چاہیے۔
جس لفظ کا آپ قافیہ معلوم کرنا چاہتے ہیں، اس کے آخری حروف تلاش والے خانے (ٹیکسٹ باکس) میں ڈال دیں۔ اور تلاش کا بٹن دبا دیں۔ قوافی کی لسٹ ظاہر ہو جائے گی۔
مثال ۱۔
عتیق، رفیق، زندیق وغیرہ۔۔۔ یعنی "یق" پر ختم ہونے والے قوافی کے لیے تلاش کے خانے میں "یق" لکھیں۔


مثال ۲۔
ایپ میں موجود لغت میں اعراب بھی موجود ہیں، چنانچہ آپ ان کی قید کے ساتھ قافیے معلوم کر سکتے ہیں۔
بند، قند، پسند وغیرہ۔۔۔ یعنی "زبر+ ن ساکن +د" پر ختم ہونے والے قوافی کے لیے تلاش کے خانے میں "َنْد" لکھیں۔

اگر آپ کے اردو کی بورڈ میں جزم، زبر، زیر، پیش وغیرہ موجود نہیں ہیں تو تلاش والے خانے کے اوپر موجود بٹنوں کا استعمال کریں۔

نوٹ: یاد رہے کہ اعراب کی ترتیب وہی ہونی چاہیے جو ہم ٹائپ کرتے وقت رکھتے ہیں۔ یعنی اگر آپ کو "سست، چست" وغیرہ کے قافیے معلوم کرنے ہیں تو تلاش کے لیے یہ ترتیب ہوگی: "پیش+ س+ جزم+ ت"

متعین وزن کے قافیے

ترتیبات کی ذیل میں کچھ آپشنز نظر آ رہے ہیں، ان کی کیا تفصیل ہے؟

تلاش میں اگر زیادہ قافیے آ جائیں، تو لوڈنگ کا وقت بڑھ جاتا ہے۔ مثلاً اگر آپ "ار" کا قافیہ تلاش کریں، تو یہ تعداد ہزار سے زائد ہوگی، اور اس میں کثیر تعداد ان قافیوں کی ہو گی جو آپ کے لیے بے کار ہوں گے۔
بجائے اس کے، اگر آپ قافیوں پر وزن کی قید لگا دیں، تو غیر ضروری قافیے بھی الگ ہو جائیں گے اور تلاش کا وقت بھی بچ جائے گا۔

وزن کو نمبر میں بدلنے اور تلاش کرنے کا طریقہ

وزن کیسے متعین کیے جاتے ہیں؟ اور ان کو استعمال کر کے تلاش کیسے آسان ہو جائے گی؟

وزن متعین کرنے کے لیے آپ کو الفاظ کی نمبر نوٹیشن پتہ ہونی چاہئیں۔ پہلے وزن کو نمبر میں لکھنے کا طریقہ جان لیں، پھر ہم تلاش کا طریقہ بتائے دیتے ہیں۔
  • اکیلے حرف کا وزن 1 ہوگا، چاہے ساکن ہو یا متحرک۔ یعنی اس پر جزم ہو یا زبر، زیر، پیش۔
  • دو حروف کی جوڑی کا وزن 2 ہوگا، جس میں پہلا متحرک ہوگا، دوسرا ساکن۔
نوٹ: نمبرات لکھتے وقت ترتیب بائیں سے دائیں ہو جاتی ہے، اس سے کنفیوز ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
مثالیں
”یار“ = یا + ر = 21
”نصیب“ = نَ + صی+ ب = 121
”مفاہمت“ = مُ + فا+ ہ+ مت = 1212
”متزلزل“ = مُ + تَ+ زل+ زِل = 1122
تلاش کا طریقہ
مثال۔ آپ "ان" پر ختم ہونے والے قافیے چاہتے ہیں، لیکن صرف انہی اوزان کے:
  • آن، بان، شان۔۔۔ یعنی "21" یا "فاع" (فا+ع)
  • زمان، مکان، نشان۔۔۔ یعنی "121" یا "فعول" (ف+عو+ ل)
  • سائبان، امتحان، ترجمان۔۔۔ یعنی "2121" یا "فاعلات" (فا+ع+ لا + ت)
چنانچہ تلاش والے خانے میں "ان" لکھیے، پھر ترتیبات میں جا کر "وزن متعین کریں" پر کلک کریں۔ ایک ٹیکسٹ ایریا نمودار ہوگا، اس میں آپ یہ اوزان (ایک لائن میں ایک وزن) لکھ دیجیے:
21
121
2121
پھر تلاش کا بٹن دبا دیجیے۔ قوافی حاضر ہیں۔


اردو، انگریزی، ہندی لغات

زبانوں کا کیا چکر ہے؟

ایپ میں تین لغات شامل کی گئی ہیں۔ اس سے آپ کو کئی ایسے قافیے مل جاتے ہیں جو بوجوہ دوسری لغت میں چھوٹ گئے ہیں۔
ترتیبات ہی کی ذیل میں آپ کو رسم الخط بدلنے کا بھی آپشن ملے گا۔

 انگریزی کے لیے استعمال کی گئی لغت کئی جھمیلوں کے باوجود اچھے معیار کی نہیں ہو سکی، چنانچہ اس کے لیے فی الحال معذرت ہی کی جا سکتی ہے۔ آگے اس پر کام کرنے کا ارادہ ہے۔

ہندی کی لغت البتہ بہترین کام کرتی ہے، اور جو الفاظ اردو لغت سے چھوٹ جاتے ہیں، وہ بھی درست یہاں سامنے آ جاتے ہیں۔
ایک اہم فائدہ ہندی لغت کا یہ ہے کہ یائے معروف و مجہول اور واوِ معروف و مجہول وغیرہ کی تمیز ہو جاتی ہے۔ چنانچہ اگر اردو لغت سیلیکٹ کر کے ”یر“ لکھا جائے تو تلاش میں میر، وزیر (ی مجہول) بھی آئیں گے اور زیر، ڈھیر، گھیر وغیرہ بھی۔ جبکہ ہندی میں دونوں علیحدہ ہوتے ہیں۔


ان دونوں لغات میں فی الحال وزن کی سہولت نہیں ہے، چنانچہ کسی حد تک کام نکالنے کے لیے حروف کی تعداد کی بنا پر فلٹر کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

پرانے لوگوں کے لیے

یہ ایپ آنے میں اتنی دیر کیوں لگی؟

ہمیشہ کی طرح کئی وجوہات (بہانے؟) بتاؤں گا۔
۱) اللہ کی مرضی۔ جو ہوا سو ہوا!
۲) اینڈرائیڈ ایپ ڈیولپمنٹ سیکھنے میں وقت لگتا ہے۔
۳) بیسک ڈھانچہ میں ستمبر 2019 میں ختم کرچکا تھا جو اپنے موبائل پر انسٹال بھی کر رکھی تھی، لیکن دل مطمئن نہیں تھا۔ ونڈوز ایپ کے وقت تو پروگرامنگ کی دنیا میں نووارد تھا، مگر اب جو ٹوٹا پھوٹا سیکھا ہے ، تو سوچا جو چیزیں میری ذاتی ضرورت ہیں وہ بھی شامل کرتا چلوں۔ چنانچہ ایپ ریلیز ہونے سے پہلے ہی اس پر کچھ ادوار گزر چکے ہیں۔
Basic Version

اب وہ لوگ جو ای میل پر اور سوشل میڈیا پر بڑی مستقل مزاجی سے اور بڑے مان سے مابدولت کا سر کھایا کرتے تھے کہ بیسک ورژن ہی فراہم کردو، شاید گالیاں ضرور دیں، لیکن چونکہ ہمارے اندر کا کیڑا کچھ اسی قسم کا واقع ہوا ہےکہ جب تک کام پریزنٹیبل نہ ہو، پیش نہ کیا جائے۔ یہ اور بات ہے کہ حالیہ دنوں کسی گیانی کے آرٹیکل پر یہ پڑھنے کو ملا ہے کہ اس کیڑے کو شانت کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری اہم وجہ اس تاخیر کی یہ بھی ہے کہ دم بہ دم ایپ اپڈیٹ کرنا کسی کو پسند نہیں آتا، چنانچہ چھوٹے چھوٹے بدلاؤ کر کے ایپ اپڈیٹ کروانا کوئی اچھی بات نہ ہوتی۔ اور گوگل پلے اسٹور تو پھر ہے ہی ماشاء اللہ سگھڑ آپا! ہر ریلیز پر اتنے نخرے کرتا ہے کہ اللہ کی پناہ۔

گزارشات

یہ ایپ اب بھی ڈیولپمنٹ ہی میں ہے اور کئی فیچرز کے آئیڈیاز ذہن میں ہیں۔ اگر ایپ کا رسپانس اچھا آیا تو ان شاء اللہ جلد از جلد رول آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
آئندہ ورژنز میں آنے والی چند فیچرز
  • ایپ لینگویج سوئچ، ان لوگوں کے لیے جو اردو رسم الخط نہیں جانتے۔(مکمل انٹرنیشنلائزیشن)
  • لفظ کے کلک پر الفاظ و معنی
  • تقطیع
  • مشقِ سخن
آپ لوگوں سے دو درخواستیں ہیں، پہلی یہ کہ اگر آپ کو اس ایپ میں کوئی بَگ/خامی نظر آتی ہے یا اوپر ذکر کی گئی ۴ فیچرز کے علاوہ کسی خاص چیز کا اضافہ چاہتے ہیں تو پلے اسٹور کے ریٹنگ پیج پر بتائیں۔ دوسرے، اگر آپ کے ذہن میں کسی ایپ کا آئیڈیا ہے تو اسی ایپ کے"آن لائن" ٹیب میں "ایک ایپ ایسی بھی!" والے پیج پر جائیں اور اپنا آئیڈیا لکھیں۔
دیگر کچھ ذاتی دلچسپی کے بھی ایپ آئڈیاز ہیں، انہیں بھی تکمیل تک پہنچانا ہے۔ اپنی دعاؤں میں مجھے بھی یاد کر لیں گے تو آپ کا کیا بگڑ جائے گا؟
شکیبؔ
16 فروری، 20 20
ٹیلیگرام: ShakesVision

تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں

شکیبؔ احمد

بلاگر | ڈیویلپر | ادیب از کامٹی، الہند

تبصرے کی زینت کے لیے ایڈیٹر استعمال کا طریقہ تفصیل

مشہور اشاعتیں

تازہ نگارشات

میری شاعری

نگہِ من - میرا فلسفہ