اردو ٹیکسٹـ فکسر - کچھ خراب اینکوڈنگ والی تحاریر کے بارے میں

Urdu Text Fixer

سوشل میڈیا پر ایک مخصوص طرز کی تحاریر اکا دکا نظر آتی رہتی ہیں جن پر نستعلیق فونٹ اپلائی نہیں ہوتا. ویسے اگر آپ کے کمپیوٹر /موبائل پر نستعلیق فونٹ انسٹال نہیں ہے تو یہ تحاریر اور دوسرے مواد میں آپ کو کوئی فرق نظر نہیں آئے گا لیکن نستعلیق فونٹ میں یہ تحاریر نسخ ہی نظر آتی ہیں اور دیکھنے میں قطعی" زہر" لگتی ہیں. 😁
یہ دیکھیں:

یہ تحاریرنستعلیق فونٹ میں کیوں نہیں نظر آتیں

تھوڑی سی اس کی ہسٹری دیکھ لیجیے کہ ہمارا اس سے واسطہ کیونکر پڑا۔ ہوا یوں کہ جاوید خان صافی بھائی نے ایک مضمون سربکف ۳ کے لیے بغرضِ اشاعت ارسال فرمایا تھا۔ ان کے مضمون کو پروف ریڈنگ کے مرحلے سے گزارنے کے بعد عاجز نے اس پر فانٹ اپلائی کیا۔۔۔مگر یہ کیا؟ سارا مضمون ”نسخ“ فانٹ(یعنی عربی کی طرح) نظر آرہا تھا، اور اس پر نستعلیق فانٹ اپلائی نہیں ہو پارہا تھا۔ سارے نستعلیق فانٹس اپلائی کرنے کے بعد فقیر نے بامرِ مجبوری ”ایڈوبی Adobe“ کا ایک فانٹ جس میں مضمون تھوڑا ٹھیک ٹھاک نظر آرہا تھا(وہ بھی پڑھنے کے قابل۔ بس!) اسے ہی استعمال کرکے ”سر بکف ۳“ شائع کردیا۔ البتہ
؏
‬کچھ تو ”کیجے“ کہ لوگ کہتے ہیں
بس! ”ہم نے اپنے جی میں ٹھانی اور ہے“کے مصداق ادھر اُدھر آواز دی۔ کچھ ہاتھ پیر چلانے اور چیخ و پکار کرنے پر اس کے تعلق سے معلومات ملیں، جو مختصراً یوں ہیں کہ

  • مذکورہ انکوڈنگ کی تحریر عموماً موبائل سے ٹائپ کی گئی ہوتی ہے(جس پر جاوید بھائی نے تصدیق کی مہر لگائی)
  • تحریر کی انکوڈنگ اس قدر بدل گئی ہوتی ہے کہ اس کی قدریں(یعنی ویلیوز Values) یونیکوڈ کیریکٹرز سے میل نہیں کھاتیں، اور یہ قدریں عموماً نستعلیق فانٹس(جو اب تک بنائے گئے ہیں) میں استعمال نہیں کی جاتیں، چنانچہ فانٹ اپلائی کیسے ہوسکتا تھا؟
  • رہا سوال کہ پھر چند فانٹس اس پر اپلائی کیوں ہو رہے تھے؟ تو سیدھی سی بات ہے کہ اُن فانٹس میں وہ قدریں بھی شامل تھیں، اس لیے فانٹ اپلائی ہورہا تھا(اپلائی ہونے والے چند فانٹس - دیوانی، محمدی قرآنی فانٹ، پی ڈی ایم ایس سلیم قرآنی فانٹ، ایڈوبی وغیرہ۔ یعنی عربی اور فارسی وغیرہ کے فانٹس)
  • ذاتی مشاہدے میں آیا کہ اینڈرائڈ 4 کے نیچے ورژن والے موبائل میں جب اچھے خاصے درست متن کو"کاپی" کر کے کہیں پیسٹ کیا گیا تو وہ یہ"ٹیڑھی انکوڈنگ" میں تبدیل ہو چکا تھا۔ یعنی اس متن کو کلپ بورڈ نے بدلا ہے۔ جان کر افسوس ہوا،اسے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ کلپ بورڈ کا کام تو من و عن متن کاپی کرنا ہوتا ہے۔😫
(متن کو کاپی کرنے پر وہ جس جگہ عارضی طور پر محفوظ ہوتا ہے، وہ بفر اسٹوریج، کلپ بورڈ کہلاتا ہے)
  • ایک اور امکان ہے کہ موبائل کے کچھ کی بورڈز میں ہی یہ قدریں شامل نہیں کی گئی ہیں۔

مسئلۂ مذکورہ کے لیے ایک ٹول

اب اُن قدروں کو اگر یونیکوڈ قدروں کے مطابق کردیا جائے تو فانٹ اپلائی ہوسکے گا! اس کے لیے بھائی ”اسد رزاقی“ نے یونیکوڈ ویلیو کنورٹر یعنی نستعلیق فانٹس کے لیے یونیکوڈ قدر مبدل جاوا اسکرپٹ فراہم کردی۔
آپ احباب بھی اس اینکوڈنگ والی تحاریر سے تنگ ہوں تو یہ ٹول حاضر ہے، اسے بک مارک کر لیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوراً رسائی ہو سکے۔ بس متن پیسٹ کر کے کنورٹ پر کلک کر دیں،کام ہو جائے گا۔
کوڈنگ اسدبھائی کی، جب کہ رنگ روغن عاجز کا ہے تاکہ بھلا معلوم ہو۔ اللہ اللہ خیر صلا!

اردو ٹیکسٹ فکسر کا لاجک

(پروگرامر حضرات کے لیے)
جاوا اسکرپٹ کے "ری پلیس" فنکشن کے علاوہ کچھ استعمال نہیں ہوا ہے۔ بس ایک طرف یونیکوڈ ویلیوز،اور دوسری طرف بقیہ چار ویلیوز،ری پلیس کرتے چلے جائیے۔ اس لڑی کی گفتگو کا مطالعہ مفید رہے گا۔

اب یہ"بقیہ چار ویلیوز" کیا ہیں،اس کے لیے یہ ٹیبل دیکھیے۔[2]

آخری کی چار ویلیوز کو پہلے نمبر کی ویلیو سے بدلنا ہے۔بس!

اتنا ہی تھا

آپ کا اس قسم کی تحریروں سے کتنا واسطہ پڑتا ہے؟ آپ کے ذہن میں کبھی اسے"ٹھیک"کرنے کا خیال آیا؟ کنورژن ٹول تو آپ نے دیکھ ہی لیا ہوگا، نیچے تبصرہ کر کے اپنے تاثرات بتائیں۔
یہ مضمون پہلی بار لکھا گیا: نومبر 2015
تدوین کی گئی: 15 ستمبر 2018
ان صفحات سے استفادہ کیا گیا:
  1. اردو محفل فورم پر ریفرنس - بشکریہ اسد رزاقی
  2. یونیکوڈ ویلیوز کا ٹیبل
  3. عربی کو مد نظر رکھتے ہوئے اگست 2006 میں الف نظامی صاحب کا بنایا گیا ایک اور ٹول (ونڈوز کے لیے)

تبصرے

شکیبؔ احمد

بلاگر | ڈیویلپر | ادیب از کامٹی، الہند

تبصرے کی زینت کے لیے ایڈیٹر استعمال کا طریقہ تفصیل

مشہور اشاعتیں

تازہ نگارشات

میری شاعری

نگہِ من - میرا فلسفہ